ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا میں ’’مطالعہ سے روشنی ‘‘پروگرام کے تحت ضلع کے 33کتب خانوں کی ترقی: 9692 طلبا کررہے ہیں استفادہ

اترکنڑا میں ’’مطالعہ سے روشنی ‘‘پروگرام کے تحت ضلع کے 33کتب خانوں کی ترقی: 9692 طلبا کررہے ہیں استفادہ

Thu, 11 Mar 2021 18:46:04    S.O. News Service

کاروار:13؍مارچ  (ایس اؤ نیوز)ضلع پنچایت کی نگرانی میں چلنے والے کتب خانے(لائبریری) اب پہلے جیسے نہیں ہیں، ان کتب خانوں میں مختلف موضوعات پر کتابیں دستیاب ہونے سے طلبا شوق کے ساتھ پڑھنے لگے ہیں اور کتب خانوں کی سجاوٹ کو لے کر طلبا خوشی ومسرت کا اظہار کرہے ہیں۔

کاروار سمیت اُترکنڑا  کی کئی ایک سرکاری  لائبریریوں  میں  جائیں  گے تو وہاں رنگوں سے سجے کمرے ، طلبا کے لئے ترتیب وار رکھی گئی کتابیں ، کمروں میں پڑھنے میں مگن طلبا جیسےمناظر نظر آئیں گے۔ اترکنڑا ضلع پنچایت کے  زیر سرپرستی چلنے والے   کتب خانے دلہن کی طرح سجائے گئے ہیں۔ لائبریریوں کو بالکل پیشہ ورانہ طورپر تیار کیاگیا ہے۔ حکومت کے ’مطالعہ کی روشنی ‘پروگرام کے تحت گرام پنچایت کتب خانوں کو ترقی دی جارہی ہے۔ ضلع کے ہر تعلقہ جات میں تین کتب خانوں کو برانڈنگ کیاگیا ہے۔ اترکنڑا ضلع میں کل 33کتب خانوں کو مطالعہ کی روشنی پروگرام کے تحت ترقی دی گئی ہے۔ ضلع کے تعلقہ جات انکولہ میں 591، بھٹکل میں 477، سرسی میں 558، منڈگوڈ میں 264، ڈانڈیلی میں 350، ہلیال میں 1،123، سداپور میں 567، ہوناور میں 293، کاروار میں  115، یلاپور میں 493، جوئیڈا میں 392 اور کمٹہ میں 1130طلبا متعلقہ کتب خانوں سے استفادہ کررہے ہیں۔

اترکنڑا ضلع پنچایت سی ای اؤ پریانگا ایم نے بتایا کہ گرام پنچایت علاقوں  میں واقع کتب خانوں کو مطالعاتی مرکز میں منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ فی تعلقہ 3کتب خانوں کی برانڈنگ کی جائے گی۔ ضلع کے 33کتب خانو ں کو مطالعہ سے روشنی پروگرام کے مطابق ترقی دی جارہی ہے۔ جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ  ضلع بھر میں 9692طلبا ان کتب خانوں سے استفادہ کررہے ہیں۔  

کورونا وائرس کی وجہ سے بچے سماجی ، جذباتی اور تعلیمی طورپر مشکلات کا سامنا کررہے تھے، اسکول و کالج بند رہنے سے تعلیمی ترقی رک سی گئی تھی۔اسی کا نتیجہ ہے کہ  بچے بچہ مزدوری اور بچہ شادی کی طرف مائل تھے۔ ان سب وجوہات کو دیکھتے ہوئے بچوں کو ہونے والے مزید نقصانات سے بچانے کےلئے دیہی علاقوں میں موجود گرام پنچایت کےکتب خانوں کو مطالعاتی مرکز  میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ بچوں کے بہتر مستقبل کی خاطر ریاستی محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت راج نے کتب خانوں کی ترقی کےلئے اہم قدم اٹھایا ہے۔ اسی منصوبے کو اترکنڑا ضلع میں نافذ کیاگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گرام پنچایت کے کتب خانوں میں 6سے 18سال کی عمروالے بچوں کے لئے منتخب کتب سجائے جاتےہیں۔ عطیہ کنندگان ، رضاکار ادارے اور کارپوریٹ اداروں کی طرف سے ہونے والی مدد کے ذریعے کتب خانو ں میں کتابوں کا خزانہ جمع کرنا مقصود ہے۔ متعلقہ عمر کے بچوں کی نشان دہی ، وارڈ کے مطابق فہرست کی تیاری  اور بچوں کا رجسٹریشن کرتےہوئے انہیں مطالعہ کی ترغیب دی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ  یوم اطفال پر خصوصی پروگرام منعقد کرتےہوئے متعلقہ اسکیم کو شروع کیاجائے گا۔ جو بھی بچے کتب خانہ جاکر مطالعہ کریں گے ان کانام اور پڑھی گئی کتاب کانام درج کرتےہوئے ان کی نگرانی  کی جائے گی۔ اسی طرح علاقے میں طلبا اور بچوں میں مطالعہ کا شوق بڑھانے کے لئے ماہرین کے ذریعے خصوصی پروگرام بھی منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیاہے۔


Share: